25 ستمبر 2014 - 10:55
دہشت گردی سے مقابلے کا دعوی، مضحکہ خیز سیاسی مذاق ہے

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی جڑوں کو ختم کرنے کا امریکی دعوی، مضحکہ خیز سیاسی مذاق ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کو پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی، گزشتہ تین سال سے زیادہ عرصے سے شام میں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتے رہے تھے اور کر رہے ہیں اور گزشتہ ہفتے امریکی کانگریس میں بھی یہ بات دہرائی گئی کہ شام میں مخالفین کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ دہشت گردی سے جدوجہد کے نام نہاد اتحاد میں زیادہ تر وہ ملک شامل ہیں جو شام میں خود دہشت گردوں کی مدد اور ان کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح افغانستان پر حملے سے دہشت گردی میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے، اسی طرح شام پر حملے سے بھی دہشت گردی کے خاتمے کی کوئی امید نہیں رکھی جا سکتی۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر نے امریکی حکام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقے اور مشرق وسطی میں امریکہ کے بارے میں جو نفرت پائی جاتی ہے، اس کے پیش نظر اگر آپ واقعی دہشت گردی سے جدوجہد کرنا چاہتے ہیں تو آپ ایک طرف ہو جائیں اور دہشت گردوں کی حمایت نہ کریں، علاقے کے عوام خود ان سے جدوجہد کرنے کے قابل ہیں اور دہشت گردی کی بیخ کنی کر سکتے ہیں۔

.......

/169